Time 25 جولائی ، 2019
پاکستان

احتساب کے نام پر بدترین انتقام لیا جارہا ہے، شہباز شریف

کسان، تاجر اور عوام آج ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک کے اندھیرے دور کیے، لاہور میں یوم سیاہ ریلی سے خطاب— فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کو تباہ کر دیا، احتساب کے نام پر بدترین انتقام لیا جارہا ہے۔

لاہور میں یوم سیاہ کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ کسان، تاجر اور عوام آج ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملک کے اندھیرے دور کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان یاد رکھیں اورنج لائن ٹرین ضرور چلے گی، یہ سمجھتے تھے کہ نواز، شہباز، حمزہ اور ان کے خاندان کو جیل میں ڈال کر دبا لیں گے۔

لاہور چیئرنگ کراس میں ریلی سے خطاب میں کہا کہ عمران خان کہتے تھے خودکشی کرلوں گا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس نہیں جاؤں گا، ان کی حکومت میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی بد ترین انتقام کا شکار ہے، نواز شریف آج بھی غریب کے ساتھ کھڑا ہے، ہمارے دور میں دوائیاں مفت ملتی تھیں، یہ سمجھتے تھے قومی احتساب بیورو (نیب) میں مقدمات بنا کرہمیں خاموش کروادیں گے۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان بھر میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور میں مولانا فضل الرحمان، اسفند یار ولی، آفتاب شیر پاؤ و دیگر سیاسی رہنما شریک ہوئے۔

کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزار قائد پر جلسہ کیا۔ کوئٹہ میں منعقدہ احتجاجی جلسے میں مریم نواز اور محمود خان اچکزئی مرکزی رہنما تھے۔

دوسری جانب عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی گئیں، کیک اورمٹھائیوں سے منہ میٹَھے کرائے گئے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعون نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اُس کی فتح کا دن ہے، لوٹ مار کرنے والے سیاسی لوگ عبرت کا نشان بن رہے ہیں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے دن عوام نے عمران خان کی قیادت میں مافیا کو تاریخی شکست دی، سفر کٹھن، راہ گزر کانٹوں سے پُر اور سنگلاخ لیکن منزل ایک ترقی کرتا پاکستان۔

مزید خبریں :