Time 29 جولائی ، 2019
پاکستان

عرفان صدیقی کو ہتھکڑیاں لگانے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت

فائل فوٹو

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد کو عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دے دی۔

عرفان صدیقی کی گرفتاری کا معاملے پر وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے عرفان صدیقی کی گرفتاری کے معاملے پر حکومتی موقف سے آگاہ کیا جب کہ آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کی جانب سے واقعے کی رپورٹ پیش کی گئی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آئی جی اسلام آباد اور وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عرفان صدیقی نظام کے ان نقائص کا شکار ہوئے جن کی درستگی کیلئے عمران خان پرعزم ہیں، وزیراعظم نے عرفان صدیقی کے معاملے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا نوٹس لیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں معاون خصوصی برائے قومی امور رہنے والے عرفان صدیقی کو جمعے کی رات اسلام آباد سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

عرفان صدیقی کو ہتھکڑی لگاکر عدالت میں پیش کیا گیا جس پر صحافی برادری اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔


مزید خبریں :