آصف زردای کو درخواست کے باوجود عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی: بلاول

آزاد کشمیر پہنچ کر پتہ چلا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو کشمیر کے پارلیمان سے خطاب کی دعوت دی تھی لیکن 2 دن تک انتظار ہوتا رہا مگر وہ کشمیر گئے ہی نہیں: پی پی چیئرمین — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ اتنے چھوٹے لوگ ہیں کہ درخواست کے باوجود بھی آصف زرداری کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عید کی رات کو 12 بجے فیصلہ کیا گیا کہ فریال تالپور کو اسپتال سے جیل بھیجا جائے، ظالمانہ حکومت نے فریال تالپور کو اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کیا۔

انہوں نے حکومت کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب فریال تالپور کو جیل منتقل کیا جارہا تھا، اس وقت میں مظفرآباد میں اور آصف زرداری جیل میں تھے، فریال تالپور کے حوالے سے میرا خاندان درخواست دے گا اور ہم حکومت کو فریق بنائیں گے۔

بلاول کا کہنا ہے کہ یہ اتنے چھوٹے لوگ ہیں کہ درخواست کے باوجود بھی آصف زرداری کو عید کی نماز نہیں پڑھنے دی گئی، سزائے موت پر بھی قیدی کو نماز پڑھنے کا حق حاصل ہوتا ہے، شہادتیں دینے والا خاندان ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں جھکے گا۔

حکومت کی کشمیرکے معاملے پر کوئی حکمت عملی نہیں ہے: پی پی چیئرمین

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی وجہ سے ہم عید خوشی کے ساتھ نہیں منارہے تاکہ پوری دنیا میں رہنے والے کشمیریوں کو پیغام جائے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں کشمیری بھائیوں کے دکھ درد سے خود کو جوڑنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا حکومتی نمائندے کی آزاد کشمیر میں آنے سے اتحاد کی فضا قائم ہوئی، ہم صرف پیغاموں پر نہیں چل سکتے بلکہ ہمیں عملی اقدام کرنا ہوں گے، ہمیں کشمیریوں کیلئے جنگ بھی لڑنی پڑے تو لڑیں گے لیکن ہمارے حکمران قومی یکجہتی کو ختم کرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کشمیر کے معاملے پر کوئی حکمت عملی نہیں ہے، حکومت کو ان سوالات کا جواب دینا پڑے گا، قوم حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے، آپ کوئی پیغام نہیں دے رہے، صرف ٹوئٹ کر رہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر پہنچ کر پتہ چلا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو کشمیر کے پارلیمان سے خطاب کی دعوت دی تھی لیکن 2 دن تک انتظار ہوتا رہا مگر وزیراعظم کشمیر گئے ہی نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئی پاکستانی کشمیر پر سودا برداشت نہیں کرے گا، تمام پاکستانی کشمیر کے مسئلے پر متحد ہیں، مودی نے کشمیر پر تاریخی حملہ کیا ہے، جس دن کشمیر پر خبر ہونی چاہیے تھی، اس دن مریم نواز کی گرفتاری بڑی خبر بن جاتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت کا جو بھی فیصلہ ہو، ہم کمشیر کی جدوجہد چھوڑنے کو تیار نہیں، نالائق وزیراعظم کے غلط فیصلے کی وجہ سے ہم کشمیر کاز کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، حکومت قومی یکجہتی پیدا کرنے کیلئے کردار ادا کرے لہٰذا میں مطالبہ کرتا ہوں کہ یہ حکومت کشمیر کاز کو سنجیدہ لے۔

وزیرخارجہ کوشش سے پہلے ہی ایسے بیان دے رہے ہیں: بلاول

پی پی چیئرمین کا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ وزیرخارجہ کو شاید اندازہ ہی نہیں کہ ان کے بیان سے ہم کتنے دلبرداشتہ ہیں، وزیرخارجہ کوشش سے پہلے ہی ایسے بیان دے رہے ہیں تو  پھر ہم سوال پوچھیں گے کہ آپ کے ارادے کیا ہیں اور کیا آپ جان بوجھ کر ایسا کر رہے ہیں؟

سینیٹ الیکشن پر سیاسی جماعتوں کو لڑانے کی کوشش کی گئی: پی پی پی 

اپوزیشن کی فیکٹ فائنڈگ کمیٹی کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں منحرف سینیٹر کا پتا لگانا مشکل ہے مگر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کام کررہی ہے اور منحرف سینیٹرز کو پکڑنے کی کوشش کررہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن پر سازشی پروپیگینڈا چلا اور سیاسی جماعتوں کو لڑانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم حکومتی ہتھکنڈوں سے مضبوط ہورہے ہیں۔ 

مزید خبریں :