کشمیر کے مسئلے کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے: فردوس عاشق اعوان

معاشی محاذ پر ڈکیتیاں اور چوریاں ہوئیں، اس کے لیے این آر او ملنا ناممکن ہے: فردوس عاشق۔ فوٹو: فائل/پی آئی ڈی

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کراچی اور سندھ کی فکر کرے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معاشی محاذ پر ڈکیتیاں اور چوریاں ہوئیں، اس کے لیے این آر او ملنا ناممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی محاذ پر ڈاکووں کا صفایہ کرنا ہے، جغرافیائی محاذ پر بھی چیلنجز کا سامنا کرنا ہے، دونوں محاذوں پر قوم کے سامنے سرخرو ہونا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں فریال بی بی کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹی کون کراتا رہا اور بینیفشری کون تھا، یہ دیکھنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم نہیں چاہتی کہ ہم سیاست میں سمجھوتہ کریں، ہمیں اندرونی و بیرونی محاذ پر آئین و قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی لعن طعن کے بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں آئین و قانون کی بالا دستی یقینی بنائے اور صوبے کو کرپشن کے شکنجے سے آزاد کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس کا اعلان کرے اور بلاول اپنی پھپھی سے اس کا آغاز کریں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف تمام اقدامات اس حکومت کی ذمےداری ہے۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر کا محاذ ہمارے دل کے قریب ہے، کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کی ذمے داری سب کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو لائحہ عمل تیار کرے، کشمیر کاز کے لیے آگے بڑھیں، حکومت آپ کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کو تیار ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انصاف کی دستیابی ہر شخص کو میسر ہے لیکن حکومت کرپشن پر اپوزیشن کو کوئی ریلیف نہیں دے سکتی، کشمیر کے مسئلے کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :