پاکستان
Time 09 ستمبر ، 2019

وکیل کے مبینہ تشدد کی شکار خاتون پولیس اہلکار کا ہر صورت مقدمہ لڑنے کا اعلان

خاتون پولیس کانسٹیبل فائزہ

لاہور: وکیل کے مبینہ تشدد کی شکار خاتون پولیس کانسٹیبل فائزہ نے وکیل کے خلاف مقدمہ لڑنے کا اعلان کردیا۔

پولیس کانسٹیبل فائزہ نے کہا ہے کہ ایف آئی آر میں نام غلط لکھنا ممکنہ طور پر ٹائپنگ کی غلطی ہو، میں اپنا کیس لڑوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس یونیفارم میں خاتون اہلکار پر تشدد کیا گیا، ایسے تو کسی بھی خاتون پر کوئی بھی تشدد کرسکتا ہے، مشکلات کے باوجود میں کیس لڑوں گی۔

خاتون کانسٹیبل نے مزید کہا کہ میرا محکمہ میرے ساتھ ہے لیکن وکلاء کے دباؤ کی وجہ سے کچھ نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا میں خاتون پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے والے وکیل کو اُسی لیڈی کانسٹیبل نے ہتھکڑیاں لگاکر عدالت میں پیش کیا تھا۔

فیروز والا کچہری میں خاتون پولیس اہلکار نے احمد مختار نامی وکیل کو لیڈیز چیکنگ پوائنٹ پر گاڑی پارک کرنے سے منع کیا تھا جس پر وکیل احمد مختار نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل سے بدتمیزی کی اور تھپڑ مارا تھا۔

خاتون پولیس اہلکار نے انصاف نہ ملنے پر نوکری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ڈی پی او نے خاتون کی جانب سے استعفے کی تردید کی ہے۔


مزید خبریں :