15 اگست ، 2012
اسلام آباد…چیف جسٹس آف پاکستان ،جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نتائج سے بے پرواہ ہوکر اپنی ذمہ داری بلاخوف و حمایت جاری رکھے گی۔افراد اور اداروں کو کمزور ظاہر کرکے عدالتوں کو انصاف دینے سے روکا نہیں جاسکتا۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا چیف جسٹس آف پاکستان نے مزید کہا کہسپریم کورٹ آئین کے مطابق فیصلے کرتی رہے گی،خواہ آسمان ہی کیوں نہ گرپڑے۔انھوں نے کہا کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ دیگر ادارے بھی آئین کے مطابق کام کرینگے۔جسٹس افتخار چوہدری نے کہا کہ عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے،آئین کے تحت فرائض ادا کررہی ہے۔سپریم کورٹ آئین اور قانون سے رہنمائی لیتی ہے۔اس موقع پر سپریم کورٹ کے سربراہ یاسین آزاد ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔