Time 29 ستمبر ، 2019
پاکستان

وزیراعظم عمران خان نے نیویارک سے وطن واپسی پر اہلیہ کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

وزیراعظم اہلیہ بشری بی بی کے ہمراہ عمرہ ادا کررہے ہیں — فوٹو: فائل/عمران خان آفیشل 

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ 

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد وطن واپسی پر وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ وزیراعظم عمران خان نے استقبال کیلئے ائیرپورٹ پہنچنے والے کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔ 

خطاب شروع کرتے ہی وزیراعظم عمران خان نے قوم اور اہلیہ بشری بی بی کا شکریہ ادا کیا۔ 

وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد استقبال کیلئے آنے والے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ سب سے پہلے قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے دعائیں کیں تاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کا کیس مشکل وقت میں اقوام متحدہ میں لڑسکیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں خاص طور پر بشریٰ بیگم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کیوں کہ انہوں نے میرے لیے بڑی دعائیں کیں اور ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کی شادی گزشتہ سال ہوئی تھی اور اسی سال وہ ملک کے وزیراعظم بنے ہیں۔ 

مزید خبریں :