05 اکتوبر ، 2019
کراچی میں ڈینگی وائرس کے شکار مزید دو مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس کا شکار 25 سالہ شہزاد لانڈھی کا رہائشی تھا اور وہ گزشتہ روز سے جناح اسپتال میں زیر علاج تھا جہاں وہ آج انتقال کرگیا۔
ڈینگی سے انتقال کرجانے والا دوسرا مریض 31 سالہ محمد عامر صفورہ چوک پر واقع نجی اسپتال میں زیرعلاج تھا۔
کراچی میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3600 سے تجاوز کرچکی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مزید 164 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4700 ہوگئی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 132 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ لاہور میں 9، فیصل آباد میں 3، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گجرات میں 2، 2، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور قصور میں ڈینگی کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ اس وقت صوبے کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 650 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ 4056 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 72 کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج 3 مریضوں میں بھی ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
فاطمہ جناح اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نور موسیٰ خیل کے مطابق ڈینگی وائرس کے 4 مشتبہ مریض اسپتال لائے گئے تھے، رپورٹس آنے کے بعد 3 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ مریض اسپنی روڈ کے رہائشی ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ مریضوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔
ڈاکٹر نور موسیٰ کے مطابق اسپتال میں ڈینگی کا ایک مشتبہ مریض بھی داخل ہے، مشتبہ مریض کا تعلق نواحی علاقے اغبرگ سے ہے، تمام مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور حالت پہلے سے بہتر ہے جبکہ تمام متاثرہ مریض چند روز قبل کراچی سے سفر کرکے کوئٹہ آئے تھے۔