راولپنڈی میں گھر سے ڈینگی لاروا برآمد

فائل فوٹو —

راولپنڈی: ملک بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد آئے روز بڑھتی جا رہی ہے اور ایسے میں ایک گھر سے ڈینگی لاروا بر آمد ہونا انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

ملک بھر سے 10 ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور حکومت اس وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

 سیکریٹری ہیلتھ محمد عثمان نے بتایا کہ راولپنڈی میں آئی جے پی روڈ پر چیکنگ کے دوران ایک گھر کے فریج کے ٹرے، کچن ایریا، پانی کی ٹنکی اور مختلف حصوں سے ڈینگی لاروا ملا ہے جو ڈینگی وائرس میں اضافے کا باعث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس گھر میں لاروا برآمد ہوا وہاں کے رہائشیوں نے گھر کی تلاشی دینے سے انکار کر دیا تھا، گھر میں ڈینگی کے مریض ہونے کے باوجود تعاون سے انکار ہمسایوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق لاروا تلف کرا کر پورے علاقے میں ڈینگی تلف کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں مزید 164 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4700 ہو گئی ہے۔

جب کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں ڈینگی وائرس کے شکار مزید دو مریض انتقال کر گئے تھے جس کے بعد شہر میں رواں برس ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔


مزید خبریں :