09 اکتوبر ، 2019
گزشتہ برس سے پاکستانی شوبز ستاروں کا رجحان ٹی وی اور فلموں کے ساتھ یوٹیوب پر بھی دیکھا جارہا ہے اور اس فہرست میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
پاکستانی اداکاراؤں میں بطور یوٹیوبر ثمینہ پیرزادہ، عفت رحیم، شائستہ لودھی، عریبہ حبیب اور جگن کاظم بھی کام کر ہی ہیں۔
اور اب اس دوڑ میں ڈرامہ سیریل ’سنو چندہ‘ سے مقبول ہونے والی اداکارہ اقراء عزیز بھی شامل ہوگئی ہیں اور ان کے چاہنے والے اب اپنی پسندیدہ اداکارہ کی تمام ذاتی سرگرمیوں کو بذریعہ یوٹیوب باآسانی جان سکیں گے۔
جی ہاں پاکستانی شوبز انڈسٹری میں جلد مقبول ہونے والی اداکارہ اقراء عزیز اب یوٹیوبر کے طور پر بھی جانی جائیں گی۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مداحوں کو ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ’یو می اینڈ یوٹیوب‘ چینل متعارف کیا ہے۔
اقراء عزیز کے یوٹیوب چینل ٹیم میں ان کے منگیتر و اداکار یاسر حسین، ساتھی یاسر تاج اور بلاول عباسی شامل ہیں۔
اداکارہ نے اپنے چینل پر 23 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اقراء عزیز ہوں اور میں بالکل بھی بورنگ نہیں ہوں، مجھے لگتا ہے کہ آپ لوگ میرے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو کیا آپ چاہتے ہیں کہ میں مزید اپنی تصاویر آپ سب سے شیئر کروں؟
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر آپ میری عادتیں، میں کیا کھاتی ہوں، کیا پیتی ہوں، کہاں سے آتی ہوں، سب جاننا چاہتے ہیں تو میرا یوٹیوب چینل سبسکرائب کریں۔
صرف 24 گھنٹوں کے دوران اقراء عزیز 5 ہزار سے زائد سبسکرائبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔
واضح ریے کہ اقراء عزیز نے اس برس اپنی ڈیبیو فلم ’ہاف فرائے‘ بھی سائن کی ہے جس میں وہ اپنے منگیتر یاسر حسین کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
فلم ’ہاف فرائے‘ کامیڈی ایکشن فلم ہوگی جو آئندہ برس ریلیز ہوگی۔
یاد رہے کہ رواں برس لکس اسٹائل ایوارڈ 2019 کے دوران ستاروں کی جھرمٹ میں اداکار یاسر حسین نے اقراء عزیز کو شادی کی پیشکش کی جس پر اداکارہ نے ہاں کر دی تھی۔