16 اکتوبر ، 2019
وفاقی جامعہ اردو کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین پر تشدد میں ملوث 30 طالب علموں کو گرفتار کرلیا گیا۔
گزشتہ روز کراچی میں وفاقی جامعہ اردو کے وائس چانسلر کو ایک طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر اساتذہ اور ملازمین نے پیر تک تمام کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔
جامعہ اردو کے تینوں کیمپسز کے اساتذہ اور ملازمین سراپا احتجاج ہیں اور متفقہ طور پر پیر تک تمام کلاسز اور امتحانات کا بائیکاٹ کیا ہے، جامعہ اردو کے ملازمین نے ایڈمن بلاک کے سامنے طلبہ تنظیم کے خلاف احتجاج بھی کیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین پر حملے کے بعد ملوث طلبہ کے خلاف کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کی مکمل رپورٹ بنائے گی۔
جامعہ اردو کے وی سی کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس سمیت کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے رابطہ نہیں کیا تاہم ایف آئی آر اور قانونی کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
دوسری جانب وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پر حملے کا مقدمہ عزیز بھٹی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے کے اندراج کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 30 سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا ہے۔