گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنیوالوں کا ڈیٹا اب محفوظ رہے گا

فوٹو: بشکریہ ٹیک کرنچ

گوگل کی ایپ گوگل میپ نے صارفین کے لیے  ’انکوگنیٹو موڈ ‘ متعارف کرا دیا جس کے ذریعے اب صارفین کی معلومات محفوظ رہیں گی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ’انکوگنیٹو موڈ‘ کو کھولنے کے بعد گوگل میپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کا  گوگل اکاؤنٹ ایپ سے منسلک نہیں ہوگا جس کی وجہ سے صارف کی تمام تر معلومات اور سفر کی تفصیلات محفوظ رہیں گی۔ 

گوگل میپ کا ’انکوگنیٹو موڈ‘ استعمال کرنے سے ایپ صارف کی معلومات اپنے پاس محفوظ نہیں رکھ سکے گی جن میں مقام کی تلاش اور صارف کی منزل کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق فی الحال گوگل میپ کے ’انکوگنیٹو موڈ‘ کو تمام اینڈرائیڈ صارفین استعمال نہیں کر سکیں گے لیکن آنے والے چند روز میں یہ سروس تمام تر اینڈرائیڈ صارفین کو میسر ہوگی۔

فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

گوگل میپ ایپ کے ’انکوگنیٹو موڈ ‘ کو استعمال کرنے کے لیے صارفین اپنے اکاؤنٹ کے آئکن کو کلک کریں گے جو کہ اسکرین کے اوپر سیدھے ہاتھ کی طرف موجود ہوتا ہے جس کے بعد صارفین کو ’انکوگنیٹو موڈ‘ کو کھولنے کا آپشن نظر آئے گا جسے کلک کر کے اس فیچر کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

گوگل نے گزشتہ سال سب سے پہلے ’انکوگنیٹو موڈ‘ یوٹیوب اور گوگل کروم میں متعارف کرایا تھا جس کے بعد کمپنی نے اب یہ گوگل میپ ایپ کے لیے بھی متعارف کرادیا ہے۔

واضح رہے کہ گوگل کمپنی ’گوگل میپ ایپ‘ کو جدید سے جدید تر بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور اس سے قبل بھی کمپنی نے حال ہی میں ٹریفک جام اور راستوں کی رکاوٹ کے حوالے سے بھی فیچرز متعارف کرائے تھے۔

مزید خبریں :