Time 05 نومبر ، 2019
پاکستان

کراچی: کتے کے کاٹنے سے ایک اور شخص ہلاک، رواں برس تعداد 20 ہوگئی

فوٹو فائل—

کراچی میں کتے کے کاٹنے سے ایک اور شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد رواں سال صوبے میں سگ گزیدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

جیو نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤں کے رہائشی محمد سلیم کو ڈیڑھ ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا لیکن انہیں بروقت طبی امداد فراہم نہیں کی گئی اور ایک ماہ بعد جناح اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

جناح اسپتال کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق 6 بچوں کے والد 45 سالہ محمد سلیم گزشتہ ایک ہفتے سے اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے دونوں ہاتھوں پر کتے کے کاٹنے کے زخم تھے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ محمد سلیم اسپتال منتقلی کے وقت سے ہی نیم بیہوشی میں تھے جو منگل کی صبح انتقال کر گئے۔

سیمی جمالی کے مطابق رواں برس جناح اسپتال کراچی میں کتے کے کاٹنے سے 9 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں کتے کے کاٹنے سے 55 سالہ حور بی بی انتقال کر گئیں تھی۔


مزید خبریں :