پاکستان

کابینہ نےکرتارپور آنیوالے یاتریوں کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنےکی منظوری دیدی

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 3 ماہ کی مہلت دیدی،فوٹو:فائل اے ہی پی

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 ماہ کی مہلت دے دی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اس موقع پر کابینہ نے بابا گرونانک کے جنم دن پر کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کرتا پور راہداری پر صرف 9 اور 10 نومبر کو انٹری فیس نہیں لی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے پاسپورٹ کی شرط ایک سال کے لیے ختم کی گئی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 3 ماہ کی مہلت دی ہے ،اس سلسلے میں وزیراعظم کی جانب سے اگلے 3 ماہ کا روڈ میپ بھی دیا گیا ہے جس کی نگرانی خود وزیراعظم کریں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،دھرنا سیاست قابل قبول نہیں، اپوزیشن کا مفاد موجودہ نظام سے ہی وابستہ ہے، اسی لیے وہ نظام میں اصلاحات نہیں چاہتی۔

ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے کی منظوری

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ایک لاکھ الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے کی  منظوری بھی دے دی ہے، 2030 تک پاکستان میں 30 فیصد الیکٹرک گاڑیاں چلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ دنیا میں 20 فیصد آلودگی ٹرانسپورٹ کے باعث ہے ، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی مقامی طور پر تیاری پر  خصوصی مراعات دیں گے۔

وفاقی کابینہ  کے اجلاس میں میجر جنرل عامر مجید کو ڈی جی رینجرز پنجاب تعینات کرنے، اقتصادی رابطہ کونسل(ای سی سی) کے فیصلوں کی توثیق اور ادارہ ترقیات دارالحکومت (سی ڈی اے) کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں :