Time 06 نومبر ، 2019
پاکستان

لبرل vs مولانا

فائل فوٹو—

انگریزی لغت کے مطابق لفظ ’لبرل‘ سے مراد ایسا شخص ہے جو اصلاحات کا حامی ہو، نئے خیالات اور تصورات کے بارے میں کھلا ذہن رکھتا ہو، دوسروں کے نظریات اور عقائد کا احترام کرتا ہو، روایتی سوچ کا پابند نہ ہو، دقیانوسی اور فرسودہ خیالات کو ناپسند کرتا ہو، آزاد ذہن کا مالک ہو۔

مگر  ہمارے ہاں لبرل کا مطلب یہ نہیں لیا جاتا، ہم ایسے شخص کو لبرل سمجھتے ہیں جو ملک میں جنسی بےراہ روی کا فروغ چاہتا ہو، فحاشی کا داعی ہو، شراب پر پابندی کا مخالف ہو، ڈانس پارٹیوں کا شیدائی ہو وغیرہ۔

فی الحال مگر ہم لبرل کی اصل تعریف پر ہی اکتفا کریں گے کیونکہ اگر ہم لوگوں کے کہنے پر چل پڑے تو ایسے لوگ بھی مل جائیں گے جو ہر قدامت پسند کو مولوی یا انتہا پسند کہتے ہیں حالانکہ حقیقت میں ایسی بات نہیں۔

لبرلز کی یاد آج اِس لیے آئی کہ کچھ دنوں سے یہ بیچارے پھر طعنوں کی زد میں ہیں اور وجہ بہت دلچسپ ہے۔ ہوا یہ ہے کہ اِن لبرل خواتین و حضرات کے نظریات و خیالات ایک ایسے شخص نے چرا لیے ہیں جو اِن سے یکسر مختلف ہے، اِس شخص کی شاندار داڑھی ہے، سر پر عمامہ ہے اور جسم پر شلوار، قمیض اور واسکٹ ہے۔

یہ شخص پکا مذہبی ہے، اسلام کا داعی ہے، اس کے زیر انتظام سینکڑوں مدارس چلتے ہیں، قدامت پسند مذہبی جماعت کا سربراہ ہے، عورتوں کی آزادی کا مخالف ہے، مخلوط تعلیم کو مناسب نہیں سمجھتا، شرعی پردے کو لازم قرار دیتا ہے، عریانی اور فحاشی کو معاشرے کی بےراہ روی کی وجہ گردانتا ہے اور جدید مغربی دنیا کے تصورات، جیسے ہم جنس پرستوں کی شادی یا مرد عورت کا بغیر نکاح کے اکٹھے رہنا، کا شدید ترین مخالف ہے اور دیگر معتدل جماعتوں کے برعکس اِن باتوں کو شخصی آزادی کی آڑ میں اجازت دینے کا بھی قائل نہیں۔

ایسے شخص کو ہماے لبرل بھائی بہنوں نے آج کل سر آنکھوں پر بٹھا رکھا ہے، دن رات مولانا کی بلائیں لے رہے ہیں، ان کے بیانات کو چوم چاٹ کر ٹویٹ کر رہے ہیں اور ان کی وڈیوز یوں شئیر کر رہے ہیں جیسے’’تھڑے ہوئے‘‘ لڑکے ایک دوسرے کو مخصوص ویڈیوز بھیجتے ہیں، ان کا بس نہیں چل رہا کہ اپنا گٹ اپ بھی مولانا صاحب جیساکر لیں۔ 

سوال یہ ہے کہ آخر یہ چمکتار کیسے ہوا، مولانا کی کایا کلپ ہوئی یا لبرل حضرات نے سروں پر صافے باندھ لیے، آخر اس ملن کے پیچھے وجہ کیا ہے؟

وجہ جاننا کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ لبرل چاہے جیسے بھی ہوں آخری تجزیے میں جمہوریت پسند ہی ہوتے ہیں، آئین کی حکمرانی میں یقین رکھتے ہیں، شخصی آزادی کے قائل ہوتے، عوام کے حقِ حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں اور آزاد مملکت میں رہنا چاہتے ہیں جو کسی آئین، قانون اور ضابطے کے تحت چلتی ہو نہ کہ کسی آمر کی خواہشات کے طابع ہو۔

وہ نام نہاد لبرل جو بظاہر حرکتیں اور باتیں آزاد خیالی کی کرتے ہیں مگر وقت آنے پر کسی آمر کی گود میں چڑھ کر بیٹھ جاتے ہیں انہیں کسی بھی لغت میں لبرل نہیں کہا جاتا بلکہ پنجابی میں ان کے لیے بہت برا لفظ ہے۔

یہ وہی دو نمبر لبرل تھے جنہوں نے12 اکتوبر 1999کو سڑکوں پر بھنگڑا ڈالا تھا جبکہ اصلی اور وڈے لبرل وہ تھے جنہوں نے آمریت کے خلاف آواز اٹھائی تھی چاہے وہ داڑھیوں والے مرد تھے یا دوپٹہ اوڑھنے والی عورتیں۔

کسی بھی سوسائٹی کو پابندیوں میں جکڑنا، ملک میں اختلاف رائے کو دبانا یا لوگوں کو اندیکھے خوف میں رکھنا زیادہ عرصے تک ممکن نہیں ہوتا، کم از کم ہمارے ملک کی تاریخ یہی بتاتی ہے، مگر ایسے میں مزاحمت کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے، لوگ مختلف قسم کے استعارے تلاش کرتے ہیں، علامتی افسانے لکھتے ہیں اور مبہم قسم کی شاعری کرکے حریت پسندی کا حق ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر سچی بات یہ ہے کہ حق ایسے ادا نہیں ہوتا۔

اِس کے لیے ہر قسم کی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر دو ٹوک بات کرنا پڑتی ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں، اور یہ ہر کسی کے بس میں بھی نہیں، خاص طور سے لبرلز کے بس میں تو بالکل نہیں، یہ لوگ کوئی منظم طاقت ہیں نا ان کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ کسی قسم کا انقلاب برپا کر سکیں اس لیے یہ بیچارے اِدھر ُادھر دیکھتے رہتے ہیں کہ کون ہے جو اِس ملک میں آئین کی بالادستی کی بات کررہا ہے۔ چلیں اسی کی ہاں میں ہاں ملا دیتے ہیں۔

لبرلز نے یہی ہاں میں ہاں مولانا کے ساتھ ملائی ہے۔ مولانا نے دراصل انہیں زبان دے دی ہے، اِسی لیے لبرل ان کے صدقے واری جا رہے ہیں، ایسا بالکل نہیں کہ وہ مولانا کے طرزِ زندگی سے متاثر ہو گئے ہیں یا مستقبل میں کسی لبرل خاتون کا ارادہ مولانا سے انسپائر ہو کر شٹل کاک برقع پہننے کا ہے۔

بات صرف اتنی ہے کہ اِس وقت ملک میں ایک سیاسی میدان موجود تھا، کسی میں ہمت نہیں تھی کہ اِس میدان میں کسی کو للکارتا، مولانا نے صرف یہ کیا کہ خالی میدان میں اتر آئے، جگہ ہی جگہ تھی، سب انہیں مل گئی، ایسی ہی صورتحال کے لیے نپولین نے کہا تھا کہ فرانس کا تاج شاہراہ پر پڑا تھا میں نے اٹھا کر سر پر پہن لیا مگر پاکستان کا تاج یوں آسانی سے سر پر نہیں سجایا جا سکتا، اِس کے لیے قربانی دینا پڑے گی۔

سیاسی میدان ابھی بھی خالی ہے، مولانا فی الحال صرف نیٹ پریکٹس کر رہے، لبرل اور جمہوریت پسند طبقات اُن کی شاٹس پر تالیاں بجا رہے ہیں حالانکہ کہ ان میں سے کچھ کا دل نہیں چاہ رہا ہے کہ مولانا کو داد دیں مگر مصیبت یہ ہے کہ مولانا کے علاوہ کوئی بیٹنگ کے لیے تیار ہی نہیں، کسی کی کمر میں درد ہے تو کوئی ویسے ہی ان فٹ ہے۔

ایسے میں اکیلے مولانا صاحب کیا صرف نیٹ پریکٹس ہی کرتے رہیں گے یا ٹاس کرکے میچ بھی کھیلیں گے، جلد معلوم ہو جائے گا، بلی تھیلے سے باہر آنے والی ہے!

مزید خبریں :