Time 21 نومبر ، 2019
پاکستان

سندھ حکومت نے ’کتا مار مہم‘ کے بجائے کتوں کو ٹیکے لگانا شروع کردیے

 مہم کا مقصد شہریوں کو کتے کے کاٹے سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانا ہے: فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت نے سگ گزیدگی کے پے درپے واقعات کے بعد کتا مار مہم شروع کرنے کے بجائے کتوں کو ٹیکے لگانا شروع کردیے۔

سندھ حکومت کی کتوں کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے کتوں کو ٹیکے لگانے کی مہم مقامی این جی او کے تعاون سے چلائی جارہی ہے جو ضلع وسطی میں جاری ہے جب کہ مہم کا مقصد شہریوں کو کتے کے کاٹنے سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچانا ہے۔

اس حوالے سے سیکریٹری بلدیات روشن شیخ کا کہنا تھا کہ پہلے کتوں کو مارا جاتا تھا لیکن اب کتوں کو ٹیکے لگانا زیادہ بہتر ہے، مہم کے دوران کتوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے تاکہ بیماریاں نہ پھیلیں۔

سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ آہستہ آہستہ کتوں کو ٹیکے لگانے کا دائرہ بڑھایا جائے گا اور  یہ مہم سندھ بھر میں چلائی جائے گی جس میں روزانہ 3 سے 4 ہزار کتوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے اور جس کتے کو ویکیسن لگائی جائے گی اس کی ٹیگینگ بھی ہوگی۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے غیر معمولی واقعات پیش آئے ہیں جس کے باعث اینٹی ریبیز ویکسین نہ ملنے کی وجہ سے اب تک کئی افرا دجان سے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :