02 دسمبر ، 2019
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی علاج کیلئے بیرون ملک روانگی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’ہمارا بنیادی مطالبہ تھا کہ آصف زرداری کو ذاتی معالج کی سہولت دی جائے لیکن اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا گیا‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’آصف زرداری نے طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دینے کے لیے آصفہ بھٹو کی بات مان لی ہے، سابق صدر آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی اپنے نظریات پر قائم ہے‘۔
بلاول نے بتایا کہ طبی بنیاد پر آصف زرداری کی درخواست ضمانت دائر کریں گے اور کل تک ہم یہ درخواست فائنل کرکے عدالت میں جمع کرادیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ’آصف زرداری سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی، ہمارا یوم تاسیس کا جلسہ انتہائی کامیاب رہا، جہاں کشمیری عوام نے بھرپور شرکت کی، فیصلہ کیا ہے کہ 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی لیاقت باغ میں منائیں گے‘۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا تھا۔