پاکستان
Time 03 دسمبر ، 2019

ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر

قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور  سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے خلاف ریفرنس دائر کردیا۔

نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو  رواں سال 18 جولائی کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے وہ نیب کی حراست میں ہیں۔

اب نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس  دائر کیا کردیا ہے۔ 

نیب کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کیا گیا جس میں شاہد خاقان سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، ان میں مفتاح اسماعیل، عمران الحق، سابق چیئرمین اوگرا سعید احمد خان اور اوگرا کی موجودہ چیئرپرسن عظمیٰ عادل بھی شامل ہیں۔ 

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایک کمپنی کو 21 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچایا گیا، فائدہ مارچ 2015 سے ستمبر 2019 تک پہنچایا گیا جبکہ 2029 تک قومی خزانے کو 47 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔

ریفرنس کے مطابق عوام پر گیس بل کی مد میں 15 سال میں 68 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا، سابق ایم ڈی شیخ عمران الحق نے بھی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا نیب کے ریفرنس پر ردعمل

سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ نیب ریفرنس میں لگائے گئے الزامات کا نہ سر ہے نہ پیر، نیب کی تماش بینی ہے اور  یہ پولیٹیکل انجینئرنگ ہو رہی ہے، جن کو شریک ملزم نامزد کیا گیا ان کا کیا تعلق بنتا ہے اس کیس سے؟

سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ 4 سال سے یہ لوگ تفتیش کر رہے تھے، ہم نے ایل این جی کا سب سے سستا ٹرمینل لگایا، ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں کہ اس سے سستا ٹرمینل لگ سکتا تھا۔

شاہد خاقان کی احتساب عدالت میں پیشی

دوسری جانب ایل این جی کیس میں شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ نیب نے ایل این جی کیس میں پیشرفت رپورٹ بھی احتساب عدالت میں جمع کروائی۔

عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع کی اور ملزمان کو 16 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ 

واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں بحیثیت وزیر پیٹرولیم قطر سے ایل این جی کا معاہدہ کیا تھا اور 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ وہ اس ٹھیکے میں خود بھی حصہ دار ہیں، اس سلسلے میں نیب کی سفارش پر ان کا نام ای سی ایل میں بھی شامل ہے، شاہد خاقان عباسی نے کسی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل نہیں کی تھی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید بھی شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی درآمد کا کیس سپریم کورٹ لے کر گئے تھے۔

شاہد خاقان عباسی مسلم (ن) کے دورِ حکومت میں پہلے وزیر پیٹرولیم رہے اور پاناما کیس میں میاں نوازشریف کی نااہلی کے بعد انہیں وزیراعظم بنایا گیا۔

مزید خبریں :