Time 04 دسمبر ، 2019
پاکستان

' آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا بل سادہ اکثریت سے منظور ہو جائے گا'

 فضل الرحمان 4 سال بعد دسمبرمیں الیکشن کی بات کررہے ہیں اس ماہ کی نہیں، شیخ رشید،فوٹو:فائل

وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے سادہ اکثریت چاہیے جو حکومت کے پاس موجود ہے،اس کے باوجود ہمیں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم  کے لیے 6 ماہ بہت ہیں ،میرا خیال ہے کہ اس دوران کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیاکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا بل سادہ اکثریت سے منظور ہو جائے گا، ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ وہ سابق صدر اور آرمی چیف پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتے۔

عوامی مسلم لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف بطور مجرم باہر جا سکتے ہیں تو آصف زرداری کا بھی بطور ملزم باہر جانے کا حق بنتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ  بلاول بھٹو راولپنڈی میں جلسہ کریں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے اور ان کے لیے پلکیں بچھائیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ۔ ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان 4 سال بعد دسمبر میں الیکشن کی بات کررہے ہیں اس ماہ کی نہیں۔

راولپنڈی میں فائرنگ اور 4  افراد کے قتل کے واقعہ سے متعلق ایک سوال پرشیخ رشیدسیخ پا ہوگئے جس پر صحافیوں کے احتجاج پر شیخ رشید نے معافی مانگ لی۔

مزید خبریں :