کافی کے بیجوں کے کچرے سے گاڑیوں کے پارٹس کی تیاری

فوٹو: فائل

حالیہ دور میں موسمیاتی تبدیلیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اشیاء بنانے میں بے شمار کمپنیاں سرگرم ہیں، متعدد گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایسی ماحول دوست گاڑیاں تیار کر رہی ہیں جو بجلی سے چلتی ہیں۔

حال ہی میں امریکا کی آٹو موٹو فورڈ کمپنی کچرے کو استعمال کرنے کا ایک نیا آئیڈیا لے کر  آئی ہے اور کمپنی کی جانب سے اعلان کیاگیا ہے کہ وہ گاڑی کے پارٹس بنانے کے لیے کافی کے بیجوں کا کچرا استعمال کریں گے۔

گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’وہ بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چین میک ڈونلڈ سے کافی کے بیجوں کا کچرا حاصل کریں گے۔‘

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے ’ہم نے یہ انکشاف کیا ہے کہ کافی کے بیجوں کا کچرا ایک انتہائی پائیدار مادے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور اس سے گاڑیوں میں استعمال کیے جانے والے پارٹس بنائے جا سکتے ہیں‘۔

فورڈ کمپنی کے مطابق کافی کے بیجوں سے حاصل کیا جانے والا کچرا گاڑیوں کی ہیڈلائٹ ماونٹنگ پینل اور اندرونی و  بیرونی پارٹس کے دیگر حصے بنانے کے لیے کارآمد ثابت ہو گا۔

کمپنی حکام نے یہ بھی انکشاف کیا کہ آکسیجن کی سطح کو کم رکھتے ہوئے کافی کے بیجوں کے کچرے کو گرم کرنا اور دیگر پلاسٹک میں شامل کرنے کے نتیجے میں ایک ایسا مواد بنے گا جس کو مختلف شکلوں میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طریقہ سے تیار کردہ پارٹس 20 فیصد  ہلکے ہیں اور اسے بنانے کے دوران مولڈنگ کے عمل میں 25 فیصد  کم توانائی کی ضرورت ہو گی۔

مزید خبریں :