Time 09 دسمبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

’علی ظفر نے اپنے سسر کے گھر پر پہلی بار ہراساں کیا‘: میشا کا عدالت میں بیان

لاہور: گلوکارہ میشا شفیع نے اپنے خلاف اداکار اور گلوکار علی ظفر کی جانب سے 100 کروڑ روپے ہرجانے کے دعوے میں بیان ریکارڈ کرا دیا۔

گلوکارہ میشا شفیع بیان ریکارڈ کرانے اپنی والدہ اداکارہ صبا حمید کے ساتھ تیسری بار ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئیں، انہوں نے 3گھنٹے سے زائد وقت تک بیان ریکارڈ کرایا۔

میشا شفیع نے اپنے اس الزام کو دہرایا کہ انہیں ساتھی گلوکارعلی ظفر نے متعدد بار جنسی طور پر ہراساں کیا، انہوں نے انتہائی مجبوری کی حالت میں یہ بات ظاہر کی۔

گلوکارہ کے مطابق انہوں نے بہت عرصے تک ایک ساتھ پرفارم کرنا تھا لیکن وہ اس رویے کو مزید برداشت نہیں کرسکتی تھیں۔

'شوہر تربیت یافتہ باکسر ہیں ،نہیں چاہتی تھی کہ لڑائی ہو '

میشا کے مطابق علی ظفر نے اپنے سسر کے گھر  پر پہلی بار ہراساں کیا، علی ظفر کایہ رویہ ان کے لیے حیران اور پریشان کن تھا، انہوں نے فوری طور پر اس گھر کے لان میں موجود اپنے شوہر کو ان باتوں سے آگاہ کیا ،لیکن ساتھ ہی شوہر کو علی ظفر سے اس معاملے پر بات کرنے سے روک دیا کیونکہ ان کے شوہر تربیت یافتہ باکسر ہیں اور وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لڑائی ہو۔

میشا شفیع نے یہ بھی بتایاکہ علی ظفر کی فیملی سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہوں نے یہ بات ان کی بیوی کو نہیں بتائی، میشا شفیع نے عدالت میں مختلف واٹس ایپ میسجز بھی دکھائے۔

احاطہ عدالت میں میشا شفیع نےمیڈیا کو بتایا کہ انہیں ڈرانےاوردباؤ میں لانے کے لیے کیس فائل کیا گیا ہے ،ہراسانی کے الزامات لگانے کے بعد ان کاکافی مالی نقصان بھی ہوچکا ہے۔

عدالت نے کیس پر مزیدسماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پرمزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔

میشا ، علی ظفر تنازع

واضح رہے 19 اپریل 2018 کو میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا آسان نہیں لیکن اس پر خاموش رہنا بھی بہت مشکل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی جو معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کر تے ہوئےکہا تھا کہ میں الزام کا جواب الزام سے نہیں دوں گا بلکہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جاؤں گا اور مجھے پورا یقین ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔

علی ظفر کی جانب سے ہراسانی کا الزام لگانے پر میشا شفیع پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :