کھیل
Time 14 دسمبر ، 2019

دورہ پاکستان پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی پراسرار خاموشی برقرار

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اب تک تصدیق نہیں کی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سیریز کے حوالے سے تاحال بی سی بی کے جواب کا انتظار ہے۔

پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز جنوری فروری میں شیڈول ہے جس کے 2 ٹیسٹ میچ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

یاد رہے کہ بی سی بی نے دورہ پاکستان کو حکومتی کلیئرنس سے مشروط کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل کا انتظار ہے جس کے بعد ہی کھلاڑیوں سے بات کی جائے گی۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ ہفتے کے اندر سیریز کا فیصلہ کر لیں گے لیکن ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود بنگلا دیش کی جانب سے پاکستان کو کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے شیڈول کے حوالے سے کوئی جواب نہیں آیا اور نہ ہی کوئی رابطہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق سیریز 20 جنوری سے شروع ہو گی جس کے 3 ٹی ٹونٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جب کہ سیریز میں شامل دو ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے جن میں ایک ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کروانے کی تجویز ہے۔

بنگلا دیش کے ایک سیکیورٹی وفد نے اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم اور انڈر16 کرکٹ ٹیموں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا جس کا مقصد تینوں ٹیموں کے دورے کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

مزید خبریں :