Time 19 دسمبر ، 2019
دنیا

کوالالمپور کانفرنس امت میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش ہے،سیکرٹری جنرل او آئی سی

او آئی سی کے پلیٹ فارم سے باہر کی ملاقاتوں سے عالمی برادری کے سامنے مسلم امہ کی پوزیشن کمزور ہوگی،ڈاکٹر یوسف العثیمین،فوٹو:فائل

سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے ملائیشیا میں کوالالمپور کانفرنس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امت میں انتشار  پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا کہ ملائیشیا میں محدود اسلامی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کی مذمت کرتے ہیں، او آئی سی سے باہرکی ملاقاتوں سے مسلم امہ کی پوزیشن کمزور ہوگی۔

ڈاکٹر یوسف العثیمین کا کہنا تھا کہ 'او آئی سی' سے باہر کسی بھی عنوان سے مشترکہ جدوجہد اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنے اور ان کے اتحاد کی صفوں میں دراڑ ڈالنے کی طرح ہے۔

انہوں نے نے خبردار کیا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے باہر کی ملاقاتوں سے عالمی برادری کے سامنے مسلم امہ کی پوزیشن کمزور ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ  او آئی سی ہی تمام مسلمانوں کی متحدہ تنظیم ہے اس کا طریقہ کار اس کے دائرے میں کسی بھی قسم کے اجلاس کا موقع مہیا کرتا ہے اس لیے مشترکہ جدوجہد او آئی سی کے دائرہ کار میں ہی رہتے ہوئے کی جانی چاہیئے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا میں مسلم ممالک کے مسائل کے حل کے لیے کوالالمپور سربراہ اجلاس جاری ہے جس میں ترکی، ایران اور قطر سمیت مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کررہے ہیں تاہم اس اجلاس میں سعودی عرب کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کو یہ خدشہ ہے کہ کوالالمپور سربراہ اجلاس کہیں او آئی سی کی جگہ نہ لے لے، جس پر در اصل سعودی عرب کا بہت زیادہ اثر و رسوخ ہے۔

اس اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو بھی شرکت کرنا تھی تاہم ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے دباؤ پر وزیر اعظم نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ منسوخ کر دیا۔ 

مزید خبریں :