18 دسمبر ، 2019
ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اگر طے شدہ پروگرام کے تحت کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔
سوئٹزرلینڈ کے شہرجنیوا میں پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں ترک صدر طیب اردوان نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے تو ہمیں زیادہ خوشی ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے لیے پیش رفت جاری ہے، پاکستان سے اسٹریٹجک تعلقات میں بہتری کے لیے فروری میں پاکستان کا دورہ کروں گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو 19 سے 21 دسمبر تک ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں مختلف اسلامی ممالک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کرنا تھی تاہم ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے دباؤ پر وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کا اہم سرکاری دورہ منسوخ کر دیا۔
ملائیشین میڈیا کے مطابق کانفرنس کا تھیم 'قومی سلامتی کے حصول میں ترقی کا کردار' ہےاور اس میں انڈونیشیا، قطر اور ترکی کے سربراہان حکومت و مملکت،کے علاوہ 450 لیڈرز، اسکالرز، مذہی اکابرین شرکت کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کو کوالالمپور سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی، ماہرین کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کو یہ خدشہ ہے کہ کوالالمپور سربراہ اجلاس کہیں او آئی سی کی جگہ نہ لے لے، جس پر در اصل سعودی عرب کا بہت زیادہ اثر و رسوخ ہے۔
سوئٹزرلینڈ سے وطن واپسی کے بعد تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے دورہ ملائیشیا ملتوی ہونے سے جڑے محرکات سے شرکاء کوآگاہ کیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کور کمیٹی کو بتایا کہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے۔
گذشتہ روز سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں گلوبل ریفیوجی فورم میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کی اور انہیں ملائیشیا کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل ملائیشین وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو فون کیا اور اپنے دورہ ملائیشیا کی منسوخی سے متعلق آگاہ کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے مہاتیر محمد کو اپنی کوالالمپور سمٹ میں عدم شرکت سے متعلق بتایا جبکہ مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان کے فون کرکے آگاہ کرنے کو سراہا۔
ملائیشین وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں ملائیشیا نے کوالالمپور سمٹ کو او آئی سی کے متوازی پلیٹ فارم بنانے سے متعلق قیاس آرائیوں کی بھی تردید کی ہے۔