24 دسمبر ، 2019
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشیدکو بھی طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی طرف سے پرویز رشید کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پرویز رشید کو 30 دسمبر کی صبح 11 بجے طلب کیا گيا ہے۔
نوٹس میں کہا گيا ہے کہ آپ مقدمے کے حقائق اور حالات سے بخوبی آگاہ ہیں لہٰذا پیش نہ ہونے کی صورت میں آپ کے خلاف یکطرفہ کارروائی شروع کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کی جانب سے ن لیگ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطاء اللہ تارڑ اور ن لیگ پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کو بھی طلب کیا جاچکا ہے۔
ایف آئی اے نے تینوں رہنماؤں کو جج ویڈیو اسکینڈل کے مقدمے میں طلب کرتے ہوئے سائبرکرائم ونگ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔