ترکیب: غذائیت سے بھرپور اور مزیدار ’جو کی کھیر‘ 10 منٹ میں بنائیں

فوٹو: فائل

سردیوں میں ہمیں بھوک زیادہ لگتی ہے جس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ہمارا جسم گرم رہنے کے لیے توانائی کا زیادہ استعمال کرتا ہے۔

بار بار بھوک لگنے سے کچھ نہ کچھ کھانے کی خواہش پیدا ہونے لگتی ہے جو وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔

اس تمام تر صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے آج ہم آپ کے لیے مزیدار اور غذائیت سے بھرپور ایسی کھیر کی ترکیب لائے ہیں جس سے آپ کے کھانے کی خواہش تو پوری ہوگی ہی بلکہ اس سے آپ کی صحت بھی بہتر ہوگی اور  آپ خوب لطف حاصل کریں گے۔

اس مزیدار کھیر کو بنانے کے لیے آپ کو صرف 10 منٹ کا وقت درکار ہوگا۔

’جو کی کھیر‘ بنانے کے لیے اجزاء

ایک کپ جو

2 کپ بغیر بالائی کا دودھ

1 چمچ الائچی کا پاؤڈر

1 مٹھی مکس خشک میوے جات

8 سے 10 عدد کشمش

1 گاجر (کدوکش کیا ہوا)

1 چمچ گھی

1 چمچ السی کے بیچ

1 چمچ بھیگا ہوا تخمِ بالنگا

گُڑ حسبِ ذائقہ

ترکیب

 پین میں ایک چمچ گھی ڈال کر اسے گرم کرلیں اور پھر گھی میں خشک میوے جات بھون کر نکال لیں۔

اب ایک کپ دودھ میں آدھا کپ پانی ملا کر پین میں ڈال کر اس میں الائچی پاؤڈر شامل کرکے ابال لیں۔

دودھ میں جب ابال آجائے تو اس میں جو اور حسبِ ضرورت گُڑ شامل کرلیں اور ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکائیں جب تک جُو پھول نہ جائے۔

جُو پھولنے کے بعد اس میں کدوکش کیا ہوا ایک گاجر شامل کر کے ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

اب اسے کسی پیالے میں نکال کر بُھنے ہوئے خشک میوے جات، السی کے بیچ اور تخمِ بالنگا شامل کر کے پیش کریں۔

جو کی کھیر اور غذائیت

اس کھیر کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں فائبر، پروٹین، کیلشئیم، وٹامنز اور تمام تر غذائیت موجود ہیں جب کہ ایک پیالی کھیر کھا کہ آپ کا پیٹ بھی بھر جائے گا اور اس میں کیلوریز کی مقدار عام میٹھی ڈشز کے مقابلے میں کم ہوں گی۔

مزید خبریں :