دنیا
Time 07 جنوری ، 2020

ایران کا امریکا کے خلاف 13 اقسام کی کارروائیوں پر غور

ایران جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے لیے امریکا کے خلاف 13 اقسام کی کارروائیوں پر غور کررہا ہے۔

یاد رہے کہ 3 جنوری کو بغداد میں امریکی حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد ایران اور امریکا میں شدید کشیدگی ہے اور ایران نے بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔

ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے کہا کہ امریکا جان لے کہ ایرانی قومی سلامتی کونسل میں انتقامی کارروائی کے لیے 13 طریقہ کار پر غور کیا گیا ہے جس میں سے اگر سب سے کم شدت کے طریقہ کار پر بھی اتفاق ہوگیا تو وہ امریکا کے لیے ایک بھیانک تاریخی خواب ثابت ہوگا۔

علی شمخانی نے اگرچہ اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی مگر تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر امریکی فوجیں ہمارے خطے سے فوراً خود نہیں نکلیں تو ہم ان کا کچھ کریں گے کہ ان کی لاشیں یہاں سے جائیں گی۔

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے امریکی اہلکاروں یا اثاثوں پر حملہ کیا تو اس کی 52 تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔

امریکی صدر کے بیان پر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم کو کبھی دھمکیاں نہ دی جائیں ، جو 52 اہداف کا حوالہ دے رہے ہیں وہ 290 بھی یاد رکھیں۔

مزید خبریں :