ٹریفک اہلکار سے بدتمیری کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی جس میں خاتون کو دوسری خاتون سے بدتمیزی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، متاثرہ خاتون نے تھانے میں شکایت درج کرادی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سگنل توڑنے پر  ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے روکے جانے پر ثناء نامی خاتون نے اس سے بدتمیزی کرتے ہوئے بدکلامی کی اور شیشہ چڑھا کر فرار ہوگئی تھی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس پر ملزمہ  نے کراچی کی مقامی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی تھی۔

اس مقدمے کی سماعت میں پیشی کے موقع پر خاتون کا کہنا تھا کہ بلاجواز روکے جانے پر اس کا بلڈپریشر شوٹ کرگیا تھا اور وہ آئندہ خیال رکھے گی۔

تاہم اب اسی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ  دوسری خاتون کو دھمکیاں دیتے اور نازیبا الفاظ استعمال کرتی نظر آرہی ہے۔

متاثرہ خاتون نے تھانہ درخشاں میں واقعے کی درخواست جمع کرا دی ہے جس کے مطابق واقعہ دو ہفتے قبل ڈیفنس فیز 7 میں واقع کریک وسٹا اپارٹمنٹس کے قریب پیش آیا تھا۔

دوسری جانب پولیس اہلکار سے بدتمیزی کے مقدمے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے ملزمہ کی ضمانت میں توسیع کر تے ہوئے سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی ہے۔

مزید خبریں :