پاکستان
Time 07 جنوری ، 2020

قومی ادارہ برائے امراض قلب میں آپریشن تھیٹر اور آئی سی یو غیر فعال

کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب ( این آئی سی وی ڈی) میں آپریشن بندکردیے گئے جب کہ انتہائی نگہداشت کا شعبہ (آئی سی یو) بھی غیر فعا ل ہوگیا۔

خیال رہے کہ کراچی میں دل کے اسپتال این آئی سی وی ڈی میں گزشتہ ہفتے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی جس کے باعث آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر میں بدبو پھیلی ہوئی ہے۔

کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں اس وقت آپریشن تھیٹر اور انتہائی نگہداشت کا شعبہ غیر فعال ہوگیا ہے ۔

 اسپتال کی مشینری کو  دیگر شہروں میں موجود سیٹلائیٹ سینٹرز منتقل کرنے کاسلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

 اس سلسلے میں سربراہ قومی ادارہ برائے امراض قلب ڈاکٹر ندیم قمر کی جانب سے آفس آرڈر جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسپتال میں گزشتہ ہفتے بچوں کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں آگ لگنے کے باعث مین آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

آفس آرڈر میں آپریشنز کو سیٹلائیٹ سینٹرز منتقل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں اور تمام سرجنز بچوں اور بڑوں کی سرجریاں سکھر اور ٹنڈو محمد خان کے سیٹلائیٹ سینٹر میں کی جائیں گی۔

 آپریشن میں استعمال ہونے والی سرجیکل مشین، ہارٹ لنگ مشینری سمیت دیگر آلات سکھر این آئی سی وی ڈی منتقل کیےجارہے ہیں۔

مزید خبریں :