Time 08 جنوری ، 2020
پاکستان

مردہ قرار دی گئی خاتون غسل کے موقع پر حرکت میں آگئی

کراچی میں مردہ قرار دی گئی خاتون غسل دینے کے موقع پر حرکت میں آگئی۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ شب ڈیڑھ بجےایدھی سردخانے میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو مردہ سمجھ کر عباسی شہید اسپتال سے غسل کے لیے لایا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کا جسم تقریباً پون گھنٹے تک سردخانے پھر ایک گھنٹے غسل کے لیے باہر رکھا رہا اور جب خاتون کو غسل دینے کے لیے اٹھایا گیا تو بدن میں حرکت ہوئی جس پر اہلخانہ نے شور مچا دیا۔

عباسی شہید اسپتال کی جانب سے خاتون کی موت کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا تھا، خاتون کے زندہ ہونے کے انکشاف پر اہلخانہ انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کے مطابق رشیدہ بی بی کی عمر 50 برس ہے جسے ڈیڑھ سال سے فالج ہے، خاتون کو گزشتہ روز طبیعت خرابی پر عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نےخاتون کو بغیر معائنے کے مردہ قرار دےکر ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا۔

خاتون آئی سی یو میں زیر علاج

مردہ قرار دی گئی خاتون حرکت میں آنے کے بعد سے آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ 

ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کا کہنا ہے کہ مجھے دن میں ایڈمنسٹریشن نے کوئی اطلاع نہیں دی، مریضہ کی عمر 50 سال ہے،ان کا ڈیتھ سرٹیفیکٹ بھی بنا ہوا ہے۔

ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کہا کہ غفلت پر اسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اس وقت مریضہ کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

ڈاکٹر سلمیٰ نے بتایا کہ سی ایم او نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، خاتون کو پہلے فالج بھی ہوا تھا، بلڈ پریشر اور شوگر بھی ہے۔

مزید خبریں :