جوتوں سے آنے والی بدبو سے چھٹکارا پانے کا حل

فوٹو: فائل

بند جوتوں کو پورا دن پہننے کی وجہ سے پاؤں میں پسینہ آنا ایک عام سی بات ہے اور اس پسینے میں موجود جراثیم کی وجہ سے ہمارے جوتوں سے بھی بدبو آنا شروع ہوجاتی ہے۔

جوتوں سے آنے والی بدبو کو دور کرنے کے لیے حال ہی میں ایک حیرت انگیز ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کے بارے میں ہم آج آپ کو بتانے والے ہیں۔

جنوبی کورین اسٹارٹ اپ اسمارٹریئم بینگ ای کی جانب سے ایک ایسی ہائی ٹیک پورٹ اِیبل ڈیوائس متعارف کرائی گئی جو کہ جوتوں سے آنی والی بدبو کو ختم کر سکتی ہے۔

اس ڈیوائس کا نام ’شو بلاسٹ‘ ہے جسے حال ہی میں منعقد ہونے والے کنزیومر الیکٹرانک شو 2020 میں پیش کیا گیا تھا۔

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

’شو بلاسٹ‘ حرارت اور الٹرا وائلٹ روشنی کا استعمال کرتے ہوئے جوتوں کے اندر سے آنے والی بدبو کے خلاف کام کرتی ہے۔

جنوبی کورین اسٹارٹ اپ کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہمارے پاؤں میں تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار پسینہ خارج کرنے والے گلینڈز ہوتے ہیں جو پاؤں میں نمی پیدا کرتے ہیں۔

جب یہ نمی پاؤں کے ارد گرد موجود گرماہٹ اور اندھیرے کے ساتھ ملتی ہے تو یہاں بیکٹیریا اور بدبو کی افزائش ہوجاتی ہے۔

یہ ڈیوائس کیسے کام کرتی ہے؟

فوٹو: بشکریہ پرو پاکستانی 

یہ ڈیوائس سب سے پہلے ہیٹر کی مدد سے گرم ہوا پھینکتی ہے جس کا درجہ حرارت 40 سے 60 ڈگری سینٹی گریٹ تک ہوسکتا ہے، جس سے جوتا بغیر کسی نقصان کے بالکل خشک ہوجاتا ہے۔

گرم ہوا پھینکنے کے بعد یو وی اسٹیریلائزر جوتوں کو 99 فیصد تک جراثیم اور وائرس سے پاک کردیتا ہے۔

 اس عمل کے بعد ڈیوائس میں لگا ’ہیومیڈٹی سینسر‘ جانچتا ہے کہ آیا جوتا مکمل طور پر خشک ہوا ہے یا نہیں اور پھر وہ ایل سی ڈی پر اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی دیتا ہے۔

علاوہ ازیں یہ ڈیوائس جوتوں کی بدبو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ گیلے دستانوں، ٹوپی اور ہیلمٹس کی بھی بدبو اور نمی ختم کر سکتی ہے۔

ڈیوائس کی قیمت

یہ ڈیوائس ایک وقت میں 2 جوتوں کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے جس کی قیمت 199 امریکی ڈالرز ہے۔

مزید خبریں :