16 جنوری ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کلیم امام کی تبدیلی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو فون کیا اور معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی جی سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ میں یہ دوسرا رابطہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کے تبادلے کے معاملے پر وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے اس حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو کی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نئے آئی جی سندھ کے لیے تین نام وفاق کو ارسال کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا گیا ہے، خط سیکرٹری سروسز سندھ کی جانب سے وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو لکھا گیا ہے۔
خط میں آئی جی کی تبدیلی تک چارج ایڈیشنل آئی جی کو دینے کا بھی کہا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں آئی جی کی کارکردگی زیر بحث آئی تھی جب کہ خط میں آئی جی سندھ کی ناقص کارکردگی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ ہمارے پاس آئی جی کو رخصت کرنے کی کئی وجوہات تھیں اور حکومت نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے آئی جی کو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔