Time 17 جنوری ، 2020
پاکستان

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افسران کو شوکاز نوٹس جاری

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے دھوکہ دہی سے فائدہ اٹھانے والے 14 ہزار سرکاری ملازمین اور افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے متعلقہ ملازمین اور افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے دھوکہ دہی سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنی اہلیہ یا عزیز کا اندراج کرایا اور غلط بیانی کرتے ہوئے قومی خزانے سے لاکھوں روپے کی رقم وظیفے کی مد میں وصول کی لہٰذا آپ قومی خزانے میں خوردبرد اور بد عنوانی کے مرتکب ہوئے۔

شوکاز کے مطابق نوٹس کی وصولی کے بعد 10 دن کے اندر الزامات کا جواب دیا جائے کہ آپ پرجرمانے کیوں نہ عائد کیے جائیں؟ کیوں نہ ملازمت سے برطرف کردیا جائے؟

وفاقی حکومت نے یہ شو کاز نوٹسز ان 14 ہزار سے زائد ملازمین اور سرکاری افسروں کوجاری کیے ہیں جو سالہا سال سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے جعلسازی کے ذریعے فائدہ اٹھاتے رہے۔

بعض افسران اور ملازمین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظیفہ لینے کے لیے اپنی بیویوں اور عزیز و اقارب کے نام کا اندراج کرا رکھا تھا۔

گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں پیش کردہ تفصیلات میں انکشاف کیا گیا کہ مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین اور افسران بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وظیفہ لے رہے ہیں جن میں گریڈ 17 سے 21 کے 2 ہزار 543 افسران شامل ہیں۔ 

گریڈ 17 کے ایک ہزار 446، گریڈ 18 کے 604، گریڈ 19 کے 429، گریڈ 20 کے 61 اور گریڈ 21 کے 3 افسران شامل ہیں۔

بی آئی ایس پی سے فائدہ اٹھانے والے بلوچستان کے افسران کیخلاف جلد کارروائی کا امکان

دوسری جانب بلوچستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے 500 سے زائد افسران کی فہرست صوبائی حکومت کو موصول ہوگئی اور ان افسران کے خلاف جلد کارروائی کا امکان ہے۔

 ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انجینیئر محمد عواض بلوچ نے بتایا کہ بلوچستان میں پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی جس میں سے حالیہ جانچ پڑتال کے بعد تقریباً 43ہزار غیر مستحق افراد کو خارج کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان غیر مستحق افراد میں 500 سے زائد افسران ہیں جنہوں نے اس پروگرام سے غیر قانونی طور پر فائدہ اٹھایا، ان کی فہرست صوبائی حکومت کو موصول ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو بینظیر انکم سپورٹ گرام (بی آئی ایس پی) سے نکال دیا تھا۔

اب بی آئی ایس پی سے نکالے گئے افراد کی فہرست کے ذریعے انکشاف ہوا ہے کہ نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :