پاکستان
Time 18 جنوری ، 2020

ڈاکٹر امیر شیخ کو سندھ پولیس کا نیا آئی جی بنائے جانے کا قوی امکان

نوٹیفکیشن پیر کو جاری ہوسکتا ہے، وفاقی حکومت صرف قواعد و ضوابط کے مطابق تبادلہ چاہتی ہے، نئی تعیناتی پر وفاق اور سندھ میں کوئی اختلاف نہیں، ذرائع— فوٹو: فائل

ڈاکٹر امیر شیخ کو سندھ پولیس کا نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) بنائے جانے کا قوی امکان ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن پیر کو جاری کیے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔

ذرائع اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا کہنا ہے کہ نئے آئی جی سندھ کا نوٹیفکیشن پیر کو جاری ہونے کا امکان ہے، وفاقی حکومت صرف قواعد و ضوابط کے مطابق تبادلہ چاہتی ہے، نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی پر وفاق اور سندھ میں کوئی اختلاف نہیں۔

ذرائع اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ رولز کے مطابق سندھ حکومت ایڈیشنل آئی جی کو آئی جی نہیں لگا سکتی، بنام سندھ حکومت خط میں یہی لکھا گیا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئے آئی جی کیلئے وزیراعظم آفس سے مشاورت جاری ہے، وزیراعظم آفس سے سمری موصول ہوتے ہی نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وفاق نے ڈاکٹر امیر شیخ، غلام نبی میمن، آفتاب پٹھان کے نام دیے ہیں اور ڈاکٹر امیر شیخ کا نام اتفاق رائے کے قریب ہے۔

ڈاکٹر امیر شیخ ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی بھی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی جس پر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے عدالت جانے کا اعلان کیا۔

تاہم بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔