بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے کی رقم میں اضافے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے وظیفے کی رقم میں اضافے کا اعلان کردیا۔

کراچی کے علاقے ملیر میں  احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کھلی کچہری لگائی، اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفہ حاصل کرنے والی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ثانیہ نشترکا کہنا تھا کہ وظیفے کی سہ ماہی رقم 5 ہزار سے بڑھاکر 6 ہزار روپے کردی گئی ہے اور 6 ہزار کی رقم  2،2 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے بینک اکاؤنٹس بھی بنائے جائیں گے، اس بینک اکاﺅنٹ کے لیے خاص اقدامات کئے گئے ہیں، اب خواتین اے ٹی ایم کے ذریعے بھی پیسے لے سکتی ہیں۔

احساس پروگرام کی چیئرپرسن نے بتایا کہ پہلے مستحق کو پتہ نہیں ہوتا تھا کہ پیسے کب آنے ہیں، اب وہ معلومات رکھ سکیں گے اور  انگوٹھا لگانے سے مستحق شخص کا بینک اکاﺅنٹ کھل جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف اب خاص کریک ڈاؤن ہوگا،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ایک لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین بھی بنیفشری (رجسٹرڈ) تھے،بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ناجائز فائدہ اٹھانے والوں میں گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے لوگ بھی شامل تھے،چیئرمین احساس پروگرام کا کراچی مین کھلی کچہری سے خطاب

انہوں نے بتایا کہ گریڈ 17 کے 4 افسران کل معطل  ہوئے ہیں  اور 4 لاکھ روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرادیے ہیں، 2 مزید افسران کی انکوائری جاری ہے، ناجائز فائدہ اٹھانے والوں  میں گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے لوگ بھی شامل تھے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ  ملوث افراد کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیں گے، سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں اور محکموں کے لوگ بھی شامل ہیں جن کے خلاف ان کی صوبائی حکومتیں کاروائی کریں گی۔ 

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے دسمبر 2019 میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو  فہرست سے نکال دیا تھا، اس  فہرست میں ایک لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین بھی شامل تھے۔

مزید خبریں :