اسمارٹ فون کے استعمال کے دوران کونسی غلطیاں صحت کیلئے مضر

فوٹو: فائل

آج کل اسمارٹ فون کا استعمال اس قدر عام ہو چکا ہے کہ ہم فون استعمال کرتے دوران اس بات پر غور ہی نہیں کرتے کہ شاید اس طرح اسمارٹ فون استعمال کرنا ہمارے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

ہر ٹیکنالوجی کے فوائد کے ساتھ ساتھ نقصانات بھی ہوتے ہیں لیکن اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہم خود بہت سی ایسی غلطیاں کر جاتے ہیں جو ہمارے لیے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

اسمارٹ فون صارفین کو آج ہم ایسی عام غلطیوں کے حوالے سے ہی بتانے والے ہیں جو آپ اکثر کرتے ہوں گے اور اس سے آپ کی صحت بھی متاثر ہو رہی ہو گی لیکن آپ کا دھیان اس جانب نہیں گیا ہو گا۔

سونے سے قبل بستر پر لیٹ کر دیر تک اسمارٹ فون کا استعمال

فوٹو: فائل

ہم میں سے اکثر لوگ یہ غلطی تو ضرور کرتے ہوں گے، چاہے ہمیں شدید نیند ہی کیوں نہ آ رہی ہو ہم بستر  پر لیٹنے کے باوجود بھی دیر تک اسمارٹ فون کا استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔

اندھیرے میں اسمارٹ فون کا استعمال کرنے سے اس کی اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی ہمارے جسم کے اندر نکلنے والے ہارمون میلاٹونن کی افزائش کو روکتی ہے، میلاٹونن ہمارے جسم میں سونے اور جاگنے کی سائیکل کا ذمہ دار ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جب یہ ہارمون پیدا نہیں ہو گا تو انسان کی نیند متاثر ہو گی۔

علاوہ ازیں یہ نیلی روشنی بینائی کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ سر درد کا باعث بھی بنتی ہے۔

اسمارٹ فون سراہنے رکھ کر سونا

فوٹو: فائل

ہم میں سے بہت سے لوگ اسمارٹ فون کو اپنے تکیے کے نیچے یا اپنے ساتھ رکھ کر سونے کے عادی ہوتے ہیں اور یہی ہماری سب سے بڑی غلطی ہے۔

 اسمارٹ فون ایک الیکٹرومیگنیٹک ٹرانسمیٹر اور ریسیور ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں سے ریڈیو ویوز نکلتی ہیں، اگرچہ یہ بات ابھی واضح طور پر ثابت نہیں ہوئی ہے لیکن تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ ویوز انسان کے دماغ کو متاثر کرتی ہیں۔

ضروری ہے کہ سوتے وقت موبائل فون کو یا تو مکمل سوئچ آف کر کے سوئیں یا اسے دوسرے کمرے میں رکھ کر سوئیں۔

جھک کر اسکرین کو دیکھنا

فوٹو: فائل

یہ بات اب بہت عام ہو چکی ہے کہ اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال انگوٹھے سے متعلق مسائل ’ٹینوسینووٹس‘ کو بھی جنم دیتا ہے۔

 اس کے علاوہ اسمارٹ فون کا استعمال کرنے سے ایک اور صحت کی خرابی بھی لاحق ہو سکتی ہے جسے ’ٹیکسٹ نیک‘ کہتے ہیں، جیسے ہی ہم گردن جھکا کر اسمارٹ فون کا استعمال کرتے ہیں ہمارے جسم کی سروائیکل اسپائن پر دباؤ پڑتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا بھی جاتا ہے۔

اس کی وجہ سے گردن میں درد ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے جسم کا پوسچر بھی متاثر ہوتا ہے، اسمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ اسکرین پر دیکھتے وقت گردن بلکل سیدھی ہو۔

نوٹ: یہ معلومات مختلف عالمی ریسرچ جرنلز میں شائع شدہ مضامین سے حاصل کی گئی ہیں۔ اگر آپ اس سے متعلقہ یا غیرمتعلقہ کسی بھی طبی مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں تو اپنے معالج سے رجوع کریں۔

مزید خبریں :