26 جنوری ، 2020
چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان سہیل مظفر نے پاکستان سے متعلق رپورٹ پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
چند روز قبل ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔
اس رپورٹ کو لیکر اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ حکومت نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی ساکھ پر ہی سوالیہ نشان اٹھا دیئے تھے۔
اب چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ سہیل مظفر نے اس رپورٹ کے حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے۔
سہیل مظفر کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کہیں نہیں کہا کہ 2019 میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے، پاکستان کا اسکور ایک درجہ نیچے جانا کرپشن میں اضافے یا کمی کی نشاندہی نہیں کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں اور میڈیا نے رپورٹ کو غلط رپورٹ کیا، غلط اعداد و شمار پیش کر کے پاکستان کی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا کہ حکومت پاکستان کے بدعنوانی کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں اور موجودہ حکومت میں نیب کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔
سہیل مظفر نے کہا کہ انڈیکس میں شامل ڈیٹا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نہیں ہوتا، رپورٹ میں 13 مختلف ذرائع کے اعداد و شمار شامل ہوتے ہیں۔