Time 30 جنوری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: چین میں صرف 2 روز میں تیار ہونیوالا اسپتال کھول دیا گیا

کورونا وائرس کا پہلا اسپتال چین کے شہر ووہان کے قریب تعمیر کیا گیا ہے جہاں سے وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں—فوٹو رائٹرز

چین  میں پُراسرار کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے دو روز  میں تیار ہونے والا پہلا اسپتال کھول دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کا پہلا اسپتال چین کے  شہر ووہان کے قریب تعمیر کیا گیا ہے جہاں سے وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

برطانوی جریدے ڈیلی میل کے مطابق چینی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث متاثرہ مریضوں کے  علاج کے لیے علیحدہ اسپتال تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا جسے مسلسل دو دن  میں 5 سو سے زائد مزدور اور متعدد بھاری مشینری کی مدد سے تیار کیا گیا۔

کورونا وائرس اسپتال کو آئندہ ماہ 3 فروری کو کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن دو دن میں تعمیری کام مکمل کر کے اسے مریضوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے پہلے اسپتال میں چینی شہر ہگانگ کے ڈیبی ماؤنٹین ریجنل میڈیکل سینٹر سے مریضوں کا پہلا دستہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

ایک ہزار بستروں پر مشتمل  اسپتال میں  مریضوں کے علاج کے لیے تمام تر سہولیات میسر  ہیں، اسپتال میں  پانی، بجلی اور انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے مزید دو اسپتال زیر تعمیر ہیں جن کا کام بھی آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ پُراسرار کورونا وائرس نے چین کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس وقت موذی مرض سے ہلاک افراد کی تعداد 170 تک پہنچ گئی ہے۔

چین سے پھیلتے ہوئے پُراسرار کورونا وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 16 ممالک میں رپورٹ ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :