Time 30 جنوری ، 2020
پاکستان

احسن اقبال نے ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

مجھ پر مالیاتی کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ن لیگ کا سیکریٹری جنرل ہونے کے باعث سیاسی انتقام کے طور پر گرفتار کیا گیا: درخواست میں مؤقف— فوٹو:فائل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و داخلہ امور احسن اقبال کو قومی احتساب بیورو (نیب)  راولپنڈی نے23 دسمبر کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار کیا تھا۔

احسن اقبال نے ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور کیس کا ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرنے کی استدعا کی ہے۔ 

درخواست میں مؤقف اپنایا کہ مجھ پر مالیاتی کرپشن کا کوئی الزام نہیں، نیب کی جانب سے ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا، کبھی نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کا سیکریٹری جنرل ہونے کے باعث سیاسی انتقام کے طور پر گرفتار کیا گیا۔ 

ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاق کو بذریعہ وزارت قانون اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ لیگی رہنما احسن اقبال اِن دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

24 دسمبر کو کیس کی سماعت کے دوران  احسن اقبال نے سوال اٹھایا تھا کہ نیب انہیں جواب دے کہ کیا ان پر اس پروجیکٹ میں کرپشن کا کوئی الزام ہے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ کرپشن یا کک بیکس وصولی کا الزام نہیں البتہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے خزانے کو نقصان پہنچانا بھی کرپشن ہے۔ 

مزید خبریں :