31 جنوری ، 2020
سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے 2018 میں محسن حسن خان کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن گزشتہ برس محسن حسن خان کے کمیٹی سے الگ ہونے کے بعد چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کمیٹی کے چیئرمین بن گئے تھے۔
گزشتہ برس دسمبر میں وسیم خان کمیٹی سے الگ ہو گئے اور کم اراکین پر مشتمل آزاد کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اب پاکستان کی جانب سے 50 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ میچ کھیلنے والے سابق کرکٹر اقبال قاسم کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ سابق فاسٹ بولر عمر گل اور سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی کو اراکین میں شامل کر لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سابق کپتان وسیم اکرم اور چیف سلیکٹر ویمن کرکٹ ٹیم عروج ممتاز کمیٹی میں برقرار ہیں جب کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کمیٹی میں ممبر ہوں گے۔
اس سے قبل کمیٹی میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر بھی کمیٹی میں شامل تھے۔
کمیٹی کرکٹ کے ہر امور پر تجاویز تیار کر کے چیئرمین احسان مانی کو بھیجے گی۔
چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی مکمل آزاد ہے، پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کے لیے مشورے دے گی۔
کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ اہم ذمہ داریاں دینے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، کمیٹی میں شامل باصلاحیت لوگوں کے ساتھ مل کر تجاویز تیار کریں گے۔