کھیل
Time 31 جنوری ، 2020

کیا عابد علی خود کو پاکستان کا ٹنڈولکر کہلوانا چاہتے ہیں؟

قومی ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی—فوٹو جیو نیوز

قومی ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں سنچری بنا کر شاندار ڈیبیو دیا اور اب ان کی نظریں بنگلادیش سیریز  پر ہیں جن کا کہنا ہے کہ پرفارمنس کے لیے وہ بھارتی نامور بلے باز سچن ٹنڈولکر کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

‏ٹیسٹ کرکٹر عابد علی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کیا، انہوں نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی اور پھر کراچی میں مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کر کے تاریخ رقم کی۔

 اب اوپنر عابد نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر نظریں جما لی ہیں جس کا پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

 ‏ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے عابد علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ ان دنوں بہت اچھی چل رہی ہے پہلے انفرادی طور پر تیاریاں ہو رہی تھیں،  اب تین روزہ پریکٹس میچ کھیل رہے ہیں۔ تمام کھلاڑی مثبت انداز میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور سب کا فوکس آئندہ سیریز پر ہے۔

 عابد علی نے کہا کہ میرا فوکس اس وقت بنگلا دیش کے خلاف سیریز پر ہے،میری کوشش ہے کہ میں اس سیریز میں بھی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں جس کے لیے میں بہت فوکس ہوں اور پازیٹو اپروچ کے ساتھ ٹریننگ کر رہا ہوں۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں پرفار منس اچھی رہی، اب بھی کوشش ہو گی اسی طرح پرفارم کروں۔

‏عابد علی نے کہا کہ مجھے موقع نہیں مل رہا تھا، لیکن میں کبھی مایوس نہیں ہوا تھا، میرے زہن میں تھا کہ جب لکھا ہوا تو اس وقت مجھے موقع مل جائے گا اور جب موقع ملے تو اس سے فائدہ اٹھانا ہے۔

‏عابد علی کا کہنا تھا  کہ میں سب فارمیٹ کے لیے کھیلنے کی تیاری کرتا رہتا ہوں، اگر مجھے ٹی ٹونٹی میں بھی موقع ملتا ہے تو اس کے لیے بھی تیار ہوں۔

‏اپنی شاندار کارکردگی دکھانے پر عابد علی نے بتایا کہ میں نے بیٹنگ کے لیے سچن ٹنڈولکر کی بہت ویڈیوز دیکھی ہیں، میرا قد کیونکہ سچن ٹندولکر سے ملتا جلتا ہے اس لیئے ان کی ٹیکنیکس سے بہت سیکھا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں پاکستان میں سچن ٹٹندولکر کہلوانا چاہوں گا۔

عابد علی نے مزید کہا کہ ان کے علاوہ بھی جتنے گریٹس ہیں ان کی ویڈیوز دیکھتا  رہا ہوں ان سے سیکھتا بھی رہا ہوں جن میں یونس خان، رکی پونٹنگ اور مارک وا بھی شامل ہیں۔ 

مزید خبریں :