پاکستان
Time 03 فروری ، 2020

اسلام آباد ہائیکورٹ: احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر نیب سے جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

احسان اقبال نے درخواست میں وفاق کو بذریعہ وزارت قانون اور چیئرمین نیب کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اپنایا ہےکہ مجھ پر مالیاتی کرپشن کا کوئی الزام نہیں، نیب کی جانب سے ابھی تک ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ کبھی نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار نہیں کیا لیکن 19 دسمبر کوگرفتار کر لیا گیا، الزام ہے کے ناروول اسپورٹس سٹی کمپلیکس صوبائی معاملہ تھا مگر وفاق کے فنڈز سے بنایا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ کیس کا ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت پر رہائی منظور کی جائے۔

عدالت نے احسن اقبال کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ پیر تک جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے نیب کو تحریری جواب کی کاپی پٹیشنز کو دینے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں :