پاکستان
Time 09 فروری ، 2020

’مہنگائی کا احساس ہے مگر اِس وجہ سے ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں‘

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر  نے گندم برآمد کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ اس کی برآمدات نہیں بلکہ مڈل مین ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں بات چیت کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گندم برآمد کرنے کا فیصلہ درست تھا، صوبوں کے ساتھ مل کر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مزید مؤثرکارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیزوں کی قیمتیں بڑھنا انتظامی ناکامی نہیں بلکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہ ہو تو انتظامی ناکامی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی، ہمیں مہنگائی کا احساس ہے مگر اس کی وجہ سے گھبراہٹ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مافیا ایک یا دو شخص کا نام نہیں، گندم، چینی، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں مافیا موجود ہیں، ماضی میں بھی چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ شرح سود، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کا حکومتی فیصلہ بھی درست ہے، مسلم لیگ (ن) نے شرح سود، بجلی اور گیس کی قیمتیں کم رکھ کر ملک کو نقصان پہنچایا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سے  ملک بھر میں آٹے کی قلت کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی بنیادی وجہ اضافی مقدار میں گندم کی افغانستان برآمد بتائی گئی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران پر قابو پانے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ درآمد شدہ گندم آتے آتے مقامی سطح پر گندم کی فصل تیار ہوجائے گی اور پھر گندم کی زیادتی کی وجہ سے ایک نیا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے، حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قوم اطمینان رکھے، مہنگائی کے ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

مزید خبریں :