دنیا
Time 11 فروری ، 2020

برطانوی ملکہ الزبتھ کے نواسے اور ان کی اہلیہ میں علیحدگی ہوگئی

ملکہ الزبتھ کے نواسے پیٹر فلپس اور اوٹم کیلی نے 2008 میں شادی کی تھی جس کی فوٹو البم 5 لاکھ پاؤنڈ میں مقامی میگزین کو بیچی تھی— فوٹو:فائل 

برطانوی ملکہ الزبتھ کے سب سے بڑے نواسے پیٹر فلپس اور ان کی اہلیہ اوٹم کیلی کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

ملکہ الزبتھ کے نواسے کی شادی ختم ہونے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملکہ کے پوتے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان سے دستبرداری اور خودمختار زندگی گزارنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل نومبر 2019 میں ملکہ نے شہزادہ اینڈریو کو کمسن لڑکی سے جنسی تعلقات کے الزامات کا سامنا کرنے والے جیفری ایپسٹین سے دوستی پر شاہی ذمہ داریوں سے برخاست کردیا تھا۔

اب ملکہ کے نواسے کی اہلیہ سے علیحدگی کی خبر سامنے آئی ہے جس کی تصدیق شاہی خاندان کے ترجمان نے بھی کردی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ کے نواسے پیٹر فلپس اور ان کی کینیڈین اہلیہ اوٹم کیلی کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے اورجلد ان کے درمیان طلاق ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ پیٹر فلپس ملکہ برطانیہ کی اکلوتی بیٹی شہزادی اینی کے پہلے شوہر مارک فلپس کے بیٹے ہیں جن کے پاس کوئی شاہی ذمہ داری نہیں ہے اور نہ ہی وہ عوامی فنڈز حاصل کرتے ہیں۔

ملکہ الزبتھ کے نواسے پیٹر فلپس اور اوٹم کیلی نے 2008 میں شادی کی تھی جس کی فوٹو البم 5 لاکھ پاؤنڈز میں مقامی میگزین کو بیچی گئی تھی جبکہ ان کی 2 بیٹیاں بھی ہیں جن کی عمریں بالترتیب 9 اور 7 سال ہیں۔

ملکہ الزبتھ کے نواسے پیٹر فلپس اور اوٹم کیلی نے 2008 میں شادی کی تھی— فوٹو: فائل

شاہی خاندان کے ترجمان نے مزید بتایاکہ جوڑے نے گزشتہ سال ہی ملکہ الزبتھ اور خاندان کے دیگر افراد کو علیحدگی سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ علیحدگی اختیار کرنے والے جوڑے کی سب سے پہلی ترجیح بیٹیوں کی تعلیم و تربیت ہے، دونوں خاندان علیحدگی کے اعلان پرغم زدہ ہیں لیکن مل جل کر بچوں کی نگہداشت کے والدین کے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔

پیٹر فلپس لگژری کار بنانے والی کمپنی ولیم جیگوار اور رائل بینک آف اسکاٹ لینڈ میں کام کرچکے ہیں اور ہانک کانگ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ اِس وقت وہ کھیل اور انٹرٹینمنٹ کی ایجسنی چلارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جب کہ شاہی جوڑے کے ہاں 8 ماہ قبل ہی بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔ 

مزید خبریں :