سام سنگ نے فولڈ ایبل گلیکسی زیڈ فلپ اسمارٹ فون متعارف کرادیا

اسمارٹ فون میں انتہائی باریک گلاس استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث اس فون کو کم از کم 2 لاکھ بار موڑا جاسکتا ہے: سام سنگ— فوٹو: سوشل میڈیا 

موبائل بنانے والی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے مڑنے والا (فولڈ ایبل) گلیکسی زیڈ فلپ اسمارٹ فون متعارف کردیا۔

امریکی شہر سان فرانسیسکو میں موبائل فون بنانے والی کمپنی سام سنگ کے نئے موبائل فونز کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

سام سنگ نے اس تقریب میں اپنی گلیکسی ایس سیریز کے نئے موبل فونز  بھی متعارف کرائے گئے اور ساتھ ساتھ فولڈ ایبل گلیکسی زیڈ فلپ اسمارٹ فون بھی پیش کیا گیا۔

اس فون کی خاص بات یہ ہے کہ یہ فون مکمل طور پر فولڈ یعنی بآسانی موڑا جاسکتا ہے۔

گلیکسی زیڈ فلپ اسمارٹ فون کی اسکرین 6.7 انچ ہے جسے آسانی کے ساتھ موڑ کر جیب میں رکھا جاسکتا ہے۔ 

سام سنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ اِس مڑنے والے اسمارٹ فون میں انتہائی باریک گلاس استعمال کیا گیا ہے جس کے باعث اس فون کو کم از کم 2 لاکھ بار موڑا جاسکتا ہے۔

سام سنگ کے ہیڈ آف پروڈکٹ مارکیٹنگ ریبیکا ہرسٹ کا کہنا ہے کہ فولڈ ایبل گلیکسی زیڈ فلپ اسمارٹ فون جمعے سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی قیمت 1380 ڈالرز یعنی پاکستان روپوں میں 2 لاکھ 13 ہزار روپے ہوگی۔

اس فون کی خاصیت یہ ہے کہ فولڈ ہونے کے باوجود ایک چھوٹی اسکرین پر نوٹیفکیشنز ، وقت، فون کالز دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ تصویر بھی کھینچی جاسکتی ہے۔

یہ فون سیاہ ، سنہرے اور جامنی رنگوں میں دستیاب ہیں جس کی ریم 8 جی بی اور موبائل فون میں مواد محفوظ کرنے کی جگہ 256  جی بی ہے، اس کی بیٹری بھی چھوٹی اور 3300 ملی ایمپیئر آورز ہے۔

خیال رہے کہ موٹرولا بھی اسی طرح کا فولڈ ہونے والا فون متعارف کراچکا ہے جبکہ اس سے قبل سام سنگ خود بھی فولڈایبل گلیکسی اسمارٹ فون مارکیٹ میں لاچکا ہے جس کی قیمت 2000 ڈالرز ہے تاہم اس میں بھی کئی نقائص کی نشاندہی کی گئی ہے۔

مزید خبریں :