کھیل
Time 19 فروری ، 2020

عمران طاہر کے بڑے پن نے لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے دل جیت لیے

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز

پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر اور  پی ایس ایل فائیو کے لیے ملتان سلطانز  کی ٹیم میں شامل عمران طاہر لاہور قلندرز کے بولروں کو ٹپس دینے پہنچ گئے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 2 ایلیمنیٹرز اور فائنل سمیت 14 میچز کی میزبانی کر رہا ہے جہاں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اپنے جمعے کے روز ہونے والے پہلے میچ سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔

پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر  پی ایس ایل فائیو میں بھی ملتان سلطانز کا حصہ ہیں، ملتان سلطانز میں لیگ اسپنر عثمان قادر بھی شامل ہیں جب کہ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مشتاق احمد بھی لیگ اسپنر ہی ہیں۔

عمران طاہر نے منگل کی رات جب ملتان سلطانز کے ساتھ اپنا ٹریننگ سیشن مکمل کیا تو وہ قذافی اسٹیڈیم کے پویلین اینڈ کے بائیں طرف ٹریننگ میں مصروف لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے پاس جا پہنچے۔

عمران طاہر کو اپنے درمیان پاکر لاہور قلندرز کے کھلاڑی حیران رہ گئے، انہوں نے لاہور قلندرز کے اسپنرز فرزان راجا اور معاز خان کو لیگ اسپن کے گُر سکھائے جب کہ انہوں نے لاہور قلندرز پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے علی ماجد کو بھی ٹپس دیں۔

لیگ اسپنر  عمران طاہر نے اسپنرز کو ٹپس دینے کے بعد لاہور قلندر کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ گپ شپ بھی کی۔

اس حوالے سے  لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ عمران طاہر نے بڑے پن کا ثبوت دیا اور نوجوان بولرز کو ٹپس دیں، عمران طاہر کے اس عمل سے ناصرف نوجوان بولروں کی حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ انہیں اس کا فائدہ بھی ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2017 میں جب عمران طاہر  ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کے دورے پر آئے تھے تو اس وقت گراؤنڈ میں میچ کے بعد انہوں نے  پاکستان کے لیگ اسپنر شاداب خان کو بھی ٹپس دی تھیں۔

مزید خبریں :