Time 19 فروری ، 2020
کھیل

’آفریدی لیجنڈ ہیں، وہی پی ایس ایل کی ٹرافی بھی اٹھائیں گے‘

فوٹو: جیو نیوز

‏پی ایس ایل فائیو کے لیے ملتان سلطانز میں شامل آل راؤنڈر روی بوپارا نے بوم بوم شاہد آفریدی کو اپنا فیورٹ اور لیجنڈ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی شاہد آفریدی اٹھائیں گے۔

انگلش کرکٹر روی بوپارہ اس مرتبہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے بڑے معترف روی بوپارا کہتے ہیں کہ پی ایس ایل مضبوط ترین لیگز میں سے ایک ہے۔ اس لیگ میں بولنگ کا معیار سب سے اعلیٰ ہے جب کہ اس کے مداحوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔

روی بوپارا نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف لیگ کے پہلے میچ کے لیے ٹیم کی تیاریوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ملتان سلطانز ان کی نئی ٹیم ہے، مجھے ہمیشہ نئے ساتھیوں کے ساتھ کھیلنا اچھا لگتا ہے، اس سے دوستی ہوتی ہے اور مزید سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے اس لیے میں پی ایس ایل فائیو کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

انہوں نے اپنی ٹیم کو متوازن اور مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اچھے آل راؤنڈرز ہیں، غیر ملکی بیٹسمین اچھے ہیں تو مقامی بولرز بہت مضبوط ہیں، اس لیے ٹیم کا کمبی نیشن اچھا بن چکا ہے۔

آل راونڈر روی بوپارا کہتے ہیں کہ پی ایس ایل میں کھیلنے والے مقامی کھلاڑی بہت اچھے ہوتے ہیں، دنیا میں کہیں بھی لیگ ہو، مقامی کھلاڑی ہی اس کی طاقت ہوتے ہیں اور پاکستانی کھلاڑی ہی اس کی اصل طاقت ہیں۔

روی بوپارا نے کہا کہ ملتان سلطانز تو ایک مضبوط ٹیم ہے لیکن اس وقت لیگ کے آغاز سے قبل توقعات کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا، پی ایس ایل کا ہر میچ ٹف ہو گا، تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، کوئی میچ آسان نہیں لیا جا سکتا۔

آل راؤنڈر نے بوم بوم آفریدی کو اپنا فیورٹ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی ایک بہت بڑا نام ہے، وہ کرکٹ کے لیجنڈ ہیں، ان کے ساتھ اور ان کے خلاف میں بہت کھیلا ہوں، پتہ نہیں وہ مزید کتنا کھیلتے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ یہ پی ایس ایل ان کے لیے اسپیشل ہو گی اور وہ ٹرافی بھی اٹھائیں گے۔

‏انگلش کرکٹر نے کہا کہ مکمل پی ایس ایل پاکستان میں کھیلنا ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ یہاں ماحول آرام دہ ہے۔

مزید خبریں :