’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟ ‘ علی ظفر کے پی ایس ایل کیلئے گانے کا ٹیزر جاری

معروف گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے لیے اپنے گانے کا ٹیزر جاری کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد گلوکار علی عظمت اور علی ظفر آمنے سامنے آگئے تھے۔ 

 پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ایک فنکار ہے، انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے ایک بلاگرز کا گروپ بنایا، انہیں پیسے دیے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں‘۔

اس کے بعد علی ظفر نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر طنزیہ ویڈیو شیئر کیا کہ ’اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے یعنی کوئی ازدواجی مسئلہ یا کوئی سماجی مسئلہ، اگر کاروبار نہیں چل رہا، گانا نہیں چل رہا یا ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ نہیں میں ہوں‘۔

اس نوک جھونک کے بعد ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں علی ظفر سے پی ایس ایل کے لیے گیت تیار کرنے کی  خواہش کی گئی تھی جس پر انہوں نے کہا تھا کہ عوام کے لیے جان بھی حاضر ہے، اگر وہ چاہتے ہیں کہ میں پی ایس ایل کے لیے کوئی گانا بناؤں تو میں کوشش کرنے کو تیار ہوں۔

اس کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی کے اینکر نے علی  ظفر سے گانے کے لیے ٹوئٹر پر عوامی پول بھی کرایا جہاں تقریباً 70 ہزار افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ 

پول کے نتائج کے مطابق 82.6 فیصد افراد نے علی ظفر سے پی ایس ایل کے لیے گانا تیار کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ 

نتائج کے بعد اب گلوکار علی ظفر بھی میدان میں آگئے ہیں اور انہوں نے اپنے طور پر گیت کی تیاری شروع کردی ہے۔ 

علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے ’بھائی حاضر ہے‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ اسٹوڈیو میں بیٹھے ہیں اور میوزک بھی بج رہا ہے۔ اس دوران علی ظفر کہتے ہیں ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟

اس کے علاوہ سابق کرکٹر شعیب اختر کی جانب سے بھی ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے علی ظفر سے کہا کہ ’ہوجائے پھر؟‘

اس ٹوئٹ کے جواب میں علی ظفر نے شعیب اختر کو ڈانس کی پیشکش کی اور پوچھا کہ ’ڈانس کرلیتے ہیں آپ؟‘

خیال رہے کہ  علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں گیت ’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جو لیگ کی پہچان بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نوکری سے نکالے جانے والے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’علی ظفرکے ساتھ کیا ہوا، فیمینزم اپنی جگہ، می ٹو مہم اپنی جگہ لیکن وہ اب تک مجرم ثابت نہیں ہوئے، سننے میں آیا تھا کہ میشا شفیع کیس بھی ہار گئیں تھیں لیکن پی ایس ایل میں مجھے اجازت نہیں کہ علی ظفر کا کوئی گانا چلاؤں‘۔

مزید خبریں :