کھیل
Time 24 فروری ، 2020

پی ایس ایل کا نیا گانا، علی ظفر نے پیشگی معافی مانگ لی

فوٹو: فائل

پاکستانی راک اسٹار علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کا نیا گانا ریلیز کرنے سے قبل ہی مداحوں سے معافی بھی مانگ لی۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے گانے کے بعد مایوس مداحوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ علی ظفر کو دوبارہ گانا گانا چاہیے۔

گلوکار علی ظفر نے مداحوں کی مایوسی دور کرنے کے لیے پی ایس ایل 5 کا نیا گانا ریلیز کرنے کی نوید سنائی تھی۔

گزشتہ روز گلوکار کی جانب سے ٹوئٹر پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5 ویں ایڈیشن کے لیے اپنے گانے کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا تھا۔

علی ظفر نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے ’بھائی حاضر ہے‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ اسٹوڈیو میں بیٹھے ہیں اور میوزک بھی بج رہا ہے، اس دوران علی ظفر کہتے ہیں ’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟

اب حال ہی میں نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’کم وقت میں گانا ریلیز کرنے جا رہا ہوں، اگر کوئی غلطی ہو تو پیشگی معافی چاہتا ہوں‘۔

راک اسٹار علی ظفر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں پی ایس ایل 5 کے نئے گانے کے چند بول بھی گنگنائے جو کہ کچھ یوں ہیں، ’جب ہم نکلے تو آندھی آتی ہے‘۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد گلوکار علی عظمت اور علی ظفر آمنے سامنے آگئے تھے۔ 

 پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ایک فنکار ہے، انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے ایک بلاگرز کا گروپ بنایا، انہیں پیسے دیئے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں‘۔

اس کے بعد علی ظفر نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر طنزیہ ویڈیو شیئر کی کہ ’اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ چل رہا ہے یعنی کوئی ازدواجی مسئلہ یا کوئی سماجی مسئلہ، اگر کاروبار نہیں چل رہا، گانا نہیں چل رہا یا ایونٹ نہیں چلا تو اس کے ذمہ دار آپ نہیں میں ہوں‘۔

اس کے ساتھ ساتھ نجی ٹی وی کے اینکر نے علی ظفر سے گانے کے لیے ٹوئٹر پر عوامی پول بھی کرایا جہاں تقریباً 70 ہزار افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

پول کے نتائج کے مطابق 82.6 فیصد افراد نے علی ظفر سے پی ایس ایل کے لیے گانا تیار کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔

پول کے نتائج آنے کے بعد ہی گزشتہ روز علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے نئے گانے کا ٹیزر جاری کیا تھا۔

مزید خبریں :