Time 26 فروری ، 2020
کھیل

وسیم اکرم بھی پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب پر تنقید سے تنگ آگئے

فوٹو: فائل

سابق کپتان وسیم اکرم بھی پاکستان سپر لیگ 5 کی افتتاحی تقریب پر تنقید سے تنگ آگئے۔

وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ 5 کی افتتاحی تقریب پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار افتتاحی تقریب ہوئی، غلطیاں ہونی تھیں جو ہوگئیں، اب آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں چھوٹی موٹی غلطیاں ہوئیں لیکن مثبت پہلو بھی ہیں، ان پر بات کریں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر معاملے کو منفی انداز میں پیش کرنے کی عادت ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پر مداحوں نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب میں مداحوں نے مختلف خامیوں کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ اتنے بڑے ایونٹ کے افتتاح کی تقریب میں میزبان اور فنکاروں کے پوری تیاری کے ساتھ نہ آنے پر تنقید کی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کی تقریب کی میزبانی کرنے والے احمد گوڈیل کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد گوڈیل کو ملازمت سے برطرف کردیا۔

بعد ازاں سوشل میڈیا پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ پی ایس ایل 5 کے اس اہم ترین دن یعنی افتتاحی تقریب کی ذمےداری بھارتی ڈائریکٹر اور ایونٹ پلانر کو دی گئی تھی، اس بات کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین آگ بگولا ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل 5 کے گانے کو بھی مداحوں نے پسند نہیں کیا جس پر گانا گانے والے گلوکاروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا۔

مزید خبریں :